سڈنی واقعے پر بھارت نے جھوٹا بیانیہ گھڑا، عالمی میڈیا نے بغیر تصدیق پھیلایا: وزیر اطلاعات

اسلام آباد (ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کے بعد پاکستان کے خلاف منظم انداز میں ڈس انفارمیشن اور پروپیگنڈا مہم چلائی گئی، جس کی بنیاد بھارت کی جانب سے گھڑے گئے جھوٹے بیانیے پر رکھی گئی۔

بدھ کو اسلام آباد میں غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے کو بنیاد بنا کر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی، حالانکہ حکومت پاکستان نے ابتدا ہی سے سڈنی واقعے کی واضح الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے بتایا کہ صدر مملکت اور وزیراعظم نے بھی واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے کیونکہ پاکستان خود طویل عرصے سے دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور اس جنگ میں عوام اور سیکیورٹی اداروں نے بھاری قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے غیر ملکی میڈیا نمائندوں کو وہ ویڈیوز بھی دکھائیں جن میں پاکستان کے خلاف چلائی گئی منفی مہم اور پروپیگنڈے کو واضح کیا گیا۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سڈنی واقعے سے قبل ملزمان نے فلپائن کا بھی سفر کیا تھا، تاہم اس حقیقت کو نظر انداز کرتے ہوئے بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر فوری طور پر پاکستان پر الزامات عائد کر دیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف ایک جھوٹا بیانیہ گھڑا، جسے بعض بین الاقوامی اور معروف میڈیا اداروں نے بھی بغیر تصدیق آگے بڑھایا۔

انہوں نے کہا کہ اب شواہد سے یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کا تعلق بھارت سے تھا، اس کے باوجود پاکستان کو بے بنیاد الزامات کا نشانہ بنایا گیا۔ عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے اور شواہد موجود ہیں کہ وہ پاکستان میں دہشت گرد عناصر کی پشت پناہی اور فنڈنگ میں ملوث رہا ہے۔

وزیر اطلاعات کے مطابق بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں فتنہ الہندوستان کی سرگرمیاں اور افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال ہونا بھارت کے کردار کی واضح مثالیں ہیں۔ انہوں نے عالمی میڈیا سے مطالبہ کیا کہ ایسے حساس معاملات میں ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دیا جائے اور کسی بھی ملک کو بغیر ثبوت کے موردِ الزام نہ ٹھہرایا جائے۔عطا اللہ تارڑ نے زور دیا کہ حقائق پر مبنی اور متوازن رپورٹنگ ہی عالمی امن اور ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کو فروغ دے سکتی ہے۔