سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے 2 ڈرون کو کامیابی سے مار گرایا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے تصدیق کی ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے 2 ڈرون کو کامیابی سے مار گرایا ہے۔وزارت اطلاعات و نشریات پاکستان کے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے دو ڈرون کو روکا اور الیکٹرانک کاؤنٹر میژرز کے ذریعے انہیں مار گرایا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دہشت گرد تنظیم کو افغان طالبان حکومت کی سرپرستی حاصل ہے اور ڈرونز کو الیکٹرانک نظام کے ذریعے ناکارہ بنایا گیا۔وزارت اطلاعات کے مطابق کسی فوجی تنصیب یا دیگر اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ نہیں بنایا گیا، تاہم ڈرون مار گرانے کے بعد گرنے والے ملبے سے معمولی نقصان ہوا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ افغان طالبان حکومت کے دعوؤں کے ساتھ ہمیشہ کی طرح کوئی قابلِ تصدیق ثبوت موجود نہیں جبکہ افغان طالبان رجیم متعدد دہشت گرد تنظیموں کو پناہ اور معاونت فراہم کر رہی ہے جن میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان بھی شامل ہیں۔

وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ افغان وزارت دفاع اور رجیم کے دیگر اکاؤنٹس جھوٹی خبریں اور پروپیگنڈا پھیلانے کے لیے بدنام ہیں۔ حال ہی میں ان اکاؤنٹس نے پاکستان کا طیارہ مار گرانے اور پائلٹوں کو گرفتار کرنے کے دعوے بھی کیے تھے جو بعد میں حذف کر دیے گئے۔