بھارتی معروف متنازع اداکارہ کنگنا رناوت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹکٹ سے لوک سبھا کے الیکشن میں کامیاب ہو گئی ہیں۔
اداکارہ کی کامیابی سے متعلق خبریں بھارتی میڈیا پر زیرِ گردش ہیں۔
دوسری جانب سے کنگنا رناوت نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی اپنی کامیابی کا اعلان کر دیا ہے۔
اداکارہ کا اپنی انسٹا پوسٹ میں عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھنا ہے کہ ’اس تعاون، محبت اور اعتماد کے لیے منڈی کے تمام لوگوں کی تہہ دل سے مشکور ہوں، یہ آپ سب کی جیت ہے، یہ وزیر اعظم مودی اور بی جے پی کی جیت ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بالی ووڈ کی 37 سالہ اداکارہ کنگنا رناوت نے عندیہ دیا تھا کہ وہ لوک سبھا الیکشن میں کامیابی کے بعد فلم انڈسٹری چھوڑ دیں گی۔
کنگنا رناوت پہلی مرتبہ اپنے ہوم ٹاؤن منڈی سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے لوک سبھا الیکشن میں حصہ لے رہی تھیں۔
واضح رہے کہ بھارت میں جاری رہنے والے مسلسل ایک ماہ تک 543 رکنی پارلیمنٹ لوک سبھا کے انتخابات کے عمل کے بعد اب ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
بھارتی عام انتخابات کے نتائج ہر لمحے تبدیل ہو رہے ہیں، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیے اپ سیٹ جبکہ کانگریس کی نشستوں میں حیران کن اضافہ ہوا ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو 241 نشستوں پر برتری حاصل ہے، اس کے مقابل آل انڈیا کانگریس کو 101 نشستوں، سماج وادی پارٹی کو 35 نشستوں جبکہ آل انڈیا ترینمول کانگریس کو 29 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔