سیلاب سے فصلیں تباہ: پاکستان میں غذائی بحران کا خدشہ: اقوام متحدہ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) – پاکستان میں جاری شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں اقوام متحدہ نے ملک میں خوراک کی شدید قلت اور مہنگائی کے خدشات کا انتباہ جاری کیا ہے۔اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد کہایہ محض ایک اور قدرتی آفت نہیں بلکہ موسمیاتی تبدیلی ہے۔

دھان کے کھیت مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئے ہیں، کسان کئی مہینے بغیر آمدنی کے رہیں گے۔جیسے جیسے پانی جنوب کی طرف بڑھے گا، مزید خاندان بے گھر اور تباہی سے دوچار ہوں گے۔پنجاب کے شمال مشرقی علاقوں میں سیکڑوں دیہات، اسکول اور مراکز صحت زیر آب آ گئے۔

تقریباً 50 افراد جاں بحق اور ہزاروں نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔20 لاکھ سے زائد افراد متاثر اور 7 لاکھ افراد محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔مویشی بہہ گئے اور ہزاروں ایکڑ پر تیار فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔

کسان بورڈ پاکستان کے مطابق پنجاب بھر میں چاول، گنا اور تل کی بڑی فصلیں برباد ہو گئی ہیں۔تازہ ترین سیلاب سے 70 فیصد چاول کی فصل تباہ ہو چکی ہے۔خدشہ ہے کہ اگر بھارت نے مزید پانی چھوڑا تو باقی کھڑی فصلیں بھی متاثر ہوں گی۔

پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے سربراہ وحید احمد نے کہاتازہ ترین سیلاب سے خوراک کی مہنگائی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔پنجاب اور خیبر پختونخوا میں سبزیاں اور پھل تباہ ہو چکے ہیں۔حکومت فوری طور پر افغانستان اور ایران سے سبزیوں اور پھلوں کی درآمد پر ٹیکس ختم کرے تاکہ غذائی قلت پر قابو پایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں