سینئر اداکارہ عائشہ خان 77 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

کراچی (کلچرل رپورٹر)پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری کی نامور اور سینئر اداکارہ عائشہ خان طویل خدمات انجام دینے کے بعد 77 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ ان کے انتقال کی تصدیق ان کی قریبی دوست تہمینہ خالد نے کی، جنہوں نے بتایا کہ مرحومہ کا انتقال پانچ روز قبل کراچی میں ہوا۔

عائشہ خان پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کا ایک معتبر اور محترم نام تھیں جنہوں نے کئی دہائیوں تک مختلف کرداروں میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں سے ناظرین کے دل جیتے۔ وہ 1980 اور 1990 کی دہائی کے معروف ڈراموں کا حصہ رہیں، جن میں افشاں، عروسہ، فیملی 93 اور مہندی جیسے کامیاب اور مقبول ڈرامے شامل ہیں۔

ان کی اداکاری میں سادگی، وقار اور حقیقت پسندی نمایاں تھی، جس کے باعث وہ نہ صرف ناظرین بلکہ ساتھی فنکاروں میں بھی بے حد پسند کی جاتی تھیں۔ مرحومہ نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کو جو تخلیقی خدمات دیں، وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

ان کے انتقال پر شوبز انڈسٹری، مداحوں اور فن سے محبت رکھنے والے حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ساتھی فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے مرحومہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے. اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ (آمین)

اپنا تبصرہ لکھیں