سینیٹ انتخابات: خیبرپختونخوا میں ناراض امیدوار کی نامزدگی واپس لینے کی مہلت ختم

پشاور(بیورورپورٹ)خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کیلئےکاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی آج آخری تاریخ تھی، مگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض اراکین نے وقت گزرنے کے باوجود دستبرداری اختیار نہیں کی، جس سے پارٹی کیلئےممکنہ اندرونی چیلنجز سامنے آسکتے ہیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کی جانب سے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی آخری مہلت دن 12 بجے مکمل ہو گئی۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اس وقت تک کسی امیدوار نے باضابطہ طور پر اپنی نامزدگی واپس نہیں لی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ناراض امیدواروں، جن میں عرفان سلیم، عائشہ بانو، وقاص اورکزئی، خرم ذیشان اور ارشاد حسین شامل ہیں نے وقت گزرنے کے باوجود اپنی دستبرداری کا اعلان نہیں کیا۔ ان افراد کے انتخابات میں حصہ لینے سے پارٹی امیدواروں کے ووٹ تقسیم ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے ضوابط کے مطابق، سینیٹ انتخابات سے دستبرداری کا آخری وقت پولنگ سے ایک دن قبل دوپہر 12 بجے ہوتا ہے۔ چونکہ اب تمام نامزدگی برقرار ہیں اسلئے جاری کردہ حتمی فہرست میں شامل تمام امیدوار باقاعدہ طور پر انتخابی میدان میں تصور کیے جائیں گے۔

خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ایک نئی پیچیدگی کا شکار ہو چکے ہیں جہاں پارٹی نظم و ضبط پر سوالات کھڑے ہو گئے ہیں اور اگلے مرحلے میں ووٹنگ کے دوران نتائج پر براہِ راست اثر پڑنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں