شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں افغان شائقین مختص دروازہ توڑکر بغیر ٹکٹ داخل

شارجہ(سپورٹس ڈیسک)سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں بدنظمی دیکھنے میں آئی، جہاں افغان شائقین بڑی تعداد میں بغیر ٹکٹ داخل ہوگئے اور شائقین کیلئے مختص دروازہ توڑ دیا۔

انتظامیہ کے مطابق شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور افغانستان کے شائقین کیلئےالگ الگ انکلوژر اور داخلے کے راستے مختص کیے گئے تھے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ افغان شائقین کو نیلے رنگ کے ٹکٹس جبکہ پاکستانی شائقین کو سبز رنگ کے ٹکٹس دیے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق میچ کے دوران افغان شائقین کے ایک گروہ نے اسٹیڈیم کے مرکزی دروازے کے ساتھ قائم شائقین کے لیے مخصوص داخلی دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی، جس کے باعث کچھ دیر کے لیے صورتحال کشیدہ ہوگئی۔

واضح رہے کہ آج کھیلے گئے سہ فریقی سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دے دی۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور آئندہ میچز کے دوران سیکیورٹی کے مزید سخت انتظامات کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں