شام کے کردوں کا تمام فوجی کارروائیوں ختم کرکےایک ہونے کا اعلان

شام کے کردوں نے تمام فوجی کارروائیوں کو ختم کرنے اور ایک ہونے کا اعلان کر دیا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی شام میں کرد زیرقیادت نیم خودمختار انتظامیہ نے تمام لڑائیاں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔شام میں کرد مسلح گروپوں اور نیم خودمختار انتظامیہ نے مسائل کو گفتگو سےحل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

رقہ میں ایک نیوز کانفرنس میں کرد زیرقیادت انتظامیہ کے عہدیداروں نے کہا کہ “ایک جامع اور تعمیری قومی بات چیت شروع کرنےکا ارادہ رکھتے ہیں، شام کی تمام قوتیں دمشق میں ہنگامی اجلاس کریں اور مستقبل کا فیصلہ کریں۔

اس سے قبل سربراہ حیات تحریرالشام احمد الشارع نے شام میں تمام مسلح دھڑوں کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔ احمد الشارع نے کہا کہ شام میں تمام مسلح دھڑوں کو ختم کر دیا جائے گا اور صرف نئی شامی ریاستی فوج کو ہتھیار لے جانے کی اجازت ہو گی۔

اسرائیل کے جاری فضائی حملوں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ جنگ بندی معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہے جو 1974 میں شام اور اسرائیل کے درمیان طے پایا تھا۔

اسرائیلی حملوں پر ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو مداخلت کرنے اور اسرائیلی جارحیت کو روکنے کی ضرورت ہے کیونکہ شام جلد ہی کسی بھی وقت اسرائیل کے ساتھ کسی تنازع میں جانے کا منصوبہ نہیں بنا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں