شانگلہ: 12 سالہ شادی شدہ بچی نے زہر کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا

شانگلہ، خیبر پختونخوا (نامہ نگار)شانگلہ کے علاقے دمرائی میں 12 سالہ شادی شدہ بچی سلیمہ بیب نے مبینہ طور پر زہریلا مادہ کھا کر اپنی جان دے دی۔ متوفیہ کی شادی چھ ماہ قبل اپنے 10 سالہ کزن انعام اللہ سے ہوئی تھی۔ پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دی اور تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اولندر تھانے کے ایس ایچ او علی حسین کے مطابق واقعہ دمرائی میں پیش آیا، جہاں بچی نے زہریلا مادہ کھا لیا جس سے اس کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ بیٹھی۔ پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر لاش کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال الپوری منتقل کیا اور پوسٹ مارٹم کرایا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ موت کی اصل وجہ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد معلوم ہو سکے گی کہ یہ خودکشی تھی یا کسی منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا۔ اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ دونوں نابالغ تھے، متوفیہ کی عمر 12 سال اور اس کے شوہر کی عمر 10 سال تھی۔

واقعہ غیر قانونی شادی کا شاخسانہ ہے اور مشکوک حالات کی بنیاد پر دفعہ 176 سی آر پی سی کے تحت تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ایس ایچ او نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر سے مشاورت کے بعد نکاح پڑھانے والے مولوی اور شادی میں موجود تمام افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی، جبکہ متوفیہ اور لڑکے کے والدین کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔

پولیس اور متعلقہ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ انصاف کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات مکمل کی جائیں گی اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں