بالی انڈسٹری کے نامور سینئر اداکار نانا پاٹیکر نے فلم ’راجو بن گیا جینٹل مین‘ کے ساتھی اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ اپنے گہرے تعلق کا انکشاف کیا ہے۔
یاد رہے کہ 1992ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’راجو بن گیا جینٹل مین‘ میں شاہ رخ خان اور نانا پاٹیکر نے ایک ساتھ کام کیا تھا، فلم کی ہیروئن جوہی چاولہ تھیں۔
اس فلم میں نانا اور شاہ رُخ کی آن اسکرین جوڑی نے شائقین کی بڑی تعداد کو متاثر کیا تھا جس کا اثر تاحال مداحوں کے دلوں میں باقی ہے۔
تجربہ کار اداکار نانا پاٹیکر نے شاہ رخ خان کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات اور کام کے تجربے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہ رُخ کی کبھی نہ بھلانے کی عادت مجھے بہت متاثر کرتی ہے۔
نانا پاٹیکر نے شاہ رُخ خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب بھی بے پناہ محبت کے ساتھ سب سے ملتا ہے۔
اداکار نانا پاٹیکر نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں ساتھی اداکار شاہ رُخ کی تعریف کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ مجھے کبھی بھی نہیں بھولتا اور ہمیشہ بہت پیار سے ملتا ہے۔
نانا پاٹیکر کا مزید کہنا تھا کہ ’لوگ بڑا فنکار بن کر اپنے پرانے ساتھیوں کو بھول جاتے ہیں لیکن وہ نہیں بھولتا، وہ مجھے ایک بچے کی طرح لگتا ہے، میرے لیے وہ اب بھی ایک بچے کی طرح ہے، میں واقعی میں اسے بہت پسند کرتا ہوں۔‘
اسی انٹرویو میں اداکار نے امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے بھی بات کی۔
نانا پاٹیکر نے امیتابھ بچن کے ساتھ فلم ’کہرام‘ کے سیٹ سے اپنی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ امیتابھ بچن اکثر ملنے کا وقت نہیں دیا کرتے تھے لیکن اِن کے ساتھ بھی کافی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میرے پاس تاحال ایک خط رکھا ہوا ہے جو کہ مجھے امیتابھ بچن نے بھیجا تھا، اس خط میں امیتابھ نے میری کئی فلموں اور ان میں کی گئی اداکاری کی تعریف کی تھی۔