شاہ رخ خان کی ٹیم ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز نے محمد عامر اور عثمان طارق سے معاہدہ کرلیا

ممبئی / پورٹ آف اسپین(الجزیرہ، سی پی ایل میڈیا، کرکٹ نیوز نیٹ ورک)بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے کیریبیئن پریمیئر لیگ (CPL) 2025 کیلئےاپنی ٹیم ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز (TKR) میں دو پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل کر لیا ہے۔ معاہدے کے تحت محمد عامر اور عثمان طارق اب ٹی کے آر اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

لیجنڈری فاسٹ بولر محمد عامر پہلے ہی CPL کے چار سیزن کھیل چکے ہیں، جہاں انہوں نے 39 میچوں میں 51 وکٹیں حاصل کیں اور 18.09 کی اوسط سے متاثر کن کارکردگی دکھائی۔ عامر اپنی ڈیتھ اوور سوئنگ اور قیادت کی صلاحیتوں کے باعث ٹیم کے بولنگ اٹیک کو مضبوط کریں گے اور نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی بھی کریں گے۔

دوسری جانب، نوجوان آف اسپنر عثمان طارق CPL میں پہلی مرتبہ شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے حالیہ پی ایس ایل 2025 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئےصرف 5 میچز میں 10 وکٹیں حاصل کر کے اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا۔ کیریبین پچز پر ان کی کارکردگی کو لے کر شائقین خاصے پرجوش ہیں۔

شاہ رخ خان جو IPL، PSL اور CPL میں اپنی فرنچائزز کے ذریعے کرکٹ میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں نے اس فیصلے کو “عالمی ٹیلنٹ کو یکجا کرنے کی کوشش” قرار دیا ہے۔CPL 2025 کا آغاز اگست میں متوقع ہے، اور ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز ان نئے کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترنے کو تیار ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں