شبلی فراز، قائد حزب اختلاف عمر ایوب سمیت 9 ارکان پارلیمان نااہل قرار

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )الیکشن کمیشن آف پاکستان (ECP) نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور دیگر 7 ارکان کو نااہل قرار دے کر ڈی سیٹ کر دیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام ارکان کو 9 مئی کے مقدمات میں سزا یافتہ ہونے پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔

نااہل قرار دیے گئے 9 ارکان میں سینیٹر شبلی فراز،ایم این اے عمر ایوب،حامد رضا،زرتاج گل،انصر اقبال،جنید افضل،رائے حیدر،رائے حسن،رائے مرتضیٰ شامل ہیں.

الیکشن کمیشن کے مطابق، ان میں ایک سینیٹر، پانچ ارکان قومی اسمبلی، اور تین ارکان پنجاب اسمبلی شامل ہیں۔ تمام نشستیں خالی قرار دے دی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی 2023 کے تین مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے ان تمام رہنماؤں اور دیگر 196 پی ٹی آئی کارکنان کو 10 سال قید کی سزائیں سنائیں۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، اپوزیشن کے بڑے ناموں کی نااہلی ملکی سیاست میں اہم موڑ ہے، جو آئندہ انتخابات اور سیاسی ماحول پر گہرے اثرات ڈال سکتی ہے۔الیکشن کمیشن آئندہ دنوں میں ان حلقوں میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کرے گا، جبکہ نااہل ارکان اپیل کے قانونی آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں