راولپنڈی : شمالی اورجنوبی وزیرستان میں فورسز اور خوارج کےدرمیان جھڑپوں کے دوران بارہ خوارجی مارےگئے جبکہ وطن کے چھ بہادر سپوت بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ 19 ستمبر کو پاک افغان بارڈر پر شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام می سات دہشت گردوں کے گروپ کی نقل و حرکت دیکھی گئی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے سرحد پر دراندازی کی کوشش کو فوری طور پر ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ساتوں خوارج مارے گئے جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔
جنوبی وزیرستان کے ضلع لدھا میں ایک دوسرے واقعے میں خوارج کے ایک گروپ نے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا، سیکیورٹی اہلکاروں نے دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور پانچ خوارج کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان نے بتایا کہ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران دھرتی کے چھ بہادر سپوت بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے خارجی کو ختم کرنے کے لئے کلئیرنس آپریشنز بھی کئے گئے ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔