میر علی(نامہ نگار)خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر خوارج کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے خودکش حملہ آور سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ دتہ خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں کمانڈر سمیت 6 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی پراکسی خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گرد ہلاک کیے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود برآمد ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان اور لکی مروت میں یہ کارروائیاں نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کا حصہ ہیں۔ گزشتہ چار روز میں افغان طالبان کے بھیجے گئے 102 خوارج ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج کی سیکڑوں کلو بارود سے بھری گاڑی ضبط کی، جسے عوام یا فورسز کو نقصان پہنچائے بغیر ناکارہ بنایا گیا۔
پاک فوج نے گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 34 سے 50 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، اور متعدد جھڑپوں میں مزید دہشت گرد مارے گئے۔

