شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے ہیڈکوارٹر پر حملہ ناکام، چار دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیرستان (آئی ایس پی آر) خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں سیکیورٹی فورسز کے بٹالین ہیڈکوارٹر پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، کارروائی کے دوران چار دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الخوارج سے تھا، جو ریاست کی جانب سے کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کے لیے استعمال کی جانے والی اصطلاح ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعے کی صبح ایک خودکش بمبار نے بارودی مواد سے بھری گاڑی بویا قلعے کی دیوار سے ٹکرا دی، جس سے زور دار دھماکا ہوا، جس کی آواز تقریباً 25 کلومیٹر دور میرانشاہ تک سنی گئی۔

دھماکے کے بعد چار سے پانچ دہشت گردوں نے ہیڈکوارٹر میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد موقع پر ہی مارے گئے جبکہ ایک دہشت گرد بعد ازاں ہلاک ہوا۔ ذرائع کے مطابق بٹالین ہیڈکوارٹر کی صرف بیرونی دیوار کو جزوی نقصان پہنچا۔

ابتدائی طور پر پولیس نے بتایا تھا کہ حملہ آور احاطے میں داخل ہو گئے تھے اور فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں چار دہشت گرد مارے گئے جبکہ چار سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔ دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔

پولیس، سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ریسکیو 1122 اور طبی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں، جبکہ شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد پورے ضلع میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی اور احتیاطی تدبیر کے طور پر ایک اہم شاہراہ پر ٹریفک عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل دو ماہ قبل شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں ایک فوجی کیمپ پر خودکش حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے چار دہشت گرد مارے گئے تھے۔ جمعے کا یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔