شمال مشرقی امریکا شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں، الرٹ جاری

واشنگٹن(ایجنسیاں)شمال مشرقی امریکا میں شدید برفانی طوفان کے آنے کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک سٹی، بوسٹن اور دیگر بڑے شہر اس طوفان سے متاثر ہو سکتے ہیں، جبکہ نیویارک شہر کیلئے یہ پہلی برفانی طوفان کی وارننگ ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان اتوار سے مشرقی ساحل کے قریب ’’بم سائیکلون‘‘ کی شکل اختیار کرے گا۔ برفانی طوفان کی وارننگ ڈیلاویئر، مشرقی میری لینڈ، نیو جرسی، نیویارک سٹی اور جنوبی نیو انگلینڈ تک جاری کی گئی ہے۔

موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق فلاڈیلفیا سے نیویارک اور بوسٹن تک ایک فٹ یا اس سے زائد برف باری ہوسکتی ہے، جس کے باعث ہوائی جہازوں کی آمدورفت متاثر ہونے کا امکان ہے۔چالیس میل فی گھنٹہ سے زائد تیز ہواؤں کے باعث درخت گرنے اور بجلی کی بندش کا بھی خطرہ ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔