ٹیلی ویژن اینکر عائشہ جہانزیب نے کہا ہے کہ میں نے اپنے شوہر سے کوئی صلح نہیں کی۔ پیر کو عدالت میں خلع فائل کروں گی۔
لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے عائشہ جہانزیب کا کہنا تھا کہ میں اپنے بچوں کو عدالتوں کے چکر نہیں لگوانا چاہتی۔ بچوں کی کسٹڈی بھی میرے پاس رہے گی۔
اس سے قبل عائشہ جہانزیب نے آج اپنے وکیل کے ہمراہ سیشن کورٹ لاہور میں پیش ہو کر بیان ریکارڈ کروایا اور مبینہ تشدد کیس کی پیروی سے معذرت کر لی ہے۔
عدالت نے سماعت کے دوران استفسار کیا کہ چہرا دیکھ کر لگ رہا ہے یہ تو بہت ظلم ہوا ہے، کیا آپ اپنی مرضی سے آئی ہیں؟
اس پر عائشہ جہانزیب نے کہا کہ جو بھی ہوا بہت ظلم ہے، کسی عورت کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے، معززین نے جو بھی فیصلہ کیا ہے میں اس کو مانتی ہوں۔
عائشہ جہانزیب نے عدالت کے سامنے دیے گئے اپنے بیان میں مزید کہا کہ میں کیس کی پیروی نہیں کرنا چاہتی ہوں، گواہوں کی موجودگی میں یہ فیصلہ ہوا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ عائشہ جہانزیب کے شوہر کی ضمانت منظور کی جا رہی ہے، بریت کا فیصلہ چالان پر ہوگا۔
یاد رہے کہ کینٹ کچہری عدالت نے ملزم حارث علی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج رکھا ہے۔