شوہر کے مالیاتی کیس سے میرا کوئی تعلق نہیں:نادیہ حسین

کراچی(کلچرل ڈیسک)نامور ماڈل، اداکارہ اور میک اپ آرٹسٹ نادیہ حسین نے اپنے خلاف گردش کرتی خبروں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کا اپنے شوہر عاطف محمد خان کے خلاف جاری مالیاتی کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے مقامی عدالت سے قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کرنے کے بعد ایک وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین کو ذمہ دارانہ صحافت اور رپورٹنگ کی تلقین کی۔

نادیہ حسین نے انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر کے کیس سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں، اور انہوں نے صرف ممکنہ گرفتاری سے بچاؤ کے لیے پیشگی قانونی تحفظ حاصل کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) پر مکمل اعتماد نہ ہونے کے باعث قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کی تاکہ انہیں کسی بہانے گرفتار نہ کیا جا سکے۔

نادیہ حسین نے مزید کہا”ایف آئی اے بسا اوقات ایسے اقدامات کرتی ہے جو غیر ضروری دباؤ ڈالنے کے مترادف ہوتے ہیں۔ میری ضمانت کا مطلب یہ نہیں کہ میرا کیس سے کوئی تعلق ہے، بلکہ یہ ایک حفاظتی قدم ہے تاکہ قانون کی کسی غلط تشریح کا شکار نہ بنوں۔”

اداکارہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں میڈیا پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض سوشل میڈیا پیجز، یوٹیوبرز اور حتیٰ کہ کچھ ٹی وی چینلز سنسنی پھیلانے اور بغیر تحقیق کے خبریں دینے میں مصروف ہیں۔”میری درخواست ہے کہ جاہلانہ انداز سے خبریں پھیلانے کے بجائے حقائق کو درست انداز میں رپورٹ کیا جائے،” انہوں نے کہا۔

ایف آئی اے کے مطابق نادیہ حسین کے شوہر عاطف محمد خان پر 65 کروڑ 40 لاکھ روپے کے مبینہ فراڈ کا الزام ہے، جنہیں 10 مارچ 2025 کو گرفتار کیا گیا تھا۔ الزامات کے مطابق انہوں نے تیسرے فریق سے بھاری فنڈز وصول کیے اور اس رقم کو کمپنی کے اندرونی فنڈز سے منافع دے کر غیر قانونی طور پر چلایا۔ تفتیش کے دوران سامنے آیا کہ انہوں نے کچھ رقم اپنی اہلیہ نادیہ حسین کے سیلون کے اکاؤنٹس میں بھی منتقل کی۔

نادیہ کا مؤقف ہے کہ مذکورہ رقم قانونی طور پر ان کے کاروباری بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہوئی اور اس کا مکمل ریکارڈ موجود ہے لہٰذا یہ الزام لگانا کہ انہوں نے کسی مالی بدعنوانی میں شرکت کی ہے، قطعی بے بنیاد ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ”میں نہ تو اپنے شوہر کے کاروبار کی شریک ہوں اور نہ ہی ان کی مالی سرگرمیوں سے کسی طور وابستہ۔ میرا پیشہ میرا اپنا ہے، اور میں قانونی اور مالیاتی طور پر مکمل طور پر شفاف ہوں۔”

عدالت نے نادیہ حسین کی قبل از گرفتاری ضمانت منظور کر لی ہے اور ان کے خلاف فی الحال کوئی براہِ راست قانونی کارروائی جاری نہیں۔اداکارہ نے میڈیا سے مطالبہ کیا کہ وہ آئندہ ان کا نام بغیر مکمل حقائق جانے کسی بھی اسکینڈل سے نہ جوڑے، اور رپورٹنگ کے بنیادی اصولوں کو ملحوظِ خاطر رکھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں