شکاگو: امریکا کی 47 ویں صدر کاملا ہیرس ہوں گی، ہلیری کلنٹن

شکاگو: سابق امریکی خاتون اوّل ہلیری کلنٹن نے عزم ظاہر کیا ہے کہ امریکا کی سینتالیس ویں صدر کاملا ہیرس ہوں گی۔ شکاگو میں ڈیموکریٹ نیشنل کنونشن کے افتتاحی روز خطاب میں سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا کہ ’’کاملا ہیرس کو امریکا کی 47 ویں صدر منتخب کریں گے۔‘‘
ہلیری کلنٹن نے کہا میں جو بائیڈن کی زندگی بھر کی خدمت اور قیادت کے لیے ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں، وہ وائٹ ہاؤس میں وقار اور شائستگی کو واپس لائے ہیں، امریکا کا مستقبل ڈیموکریٹ پارٹی کے ساتھ ہے۔انھوں نے کہا امریکا میں ایک نئے باب کا آغاز ہونے جا رہا ہے، ہم نہ صرف صدر کا انتخاب کریں گے بلکہ قوم کو اٹھانے کا وقت بھی ہے، ہم کاملا ہیرس کو امریکا کی سینتالیسویں صدر منتخب کریں گے، ڈونلڈ ٹرمپ سے امریکا کو خطرات لاحق ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی ریاست الینوائے کے شہر شکاگو میں جاری ڈیموکریٹ نیشنل کنونشن میں ہزاروں افراد شریک ہیں۔ یاد رہے کہ ہلیری کلنٹن نے بھی 2016 میں صدر بننے کی کوشش کی تھی لیکن ناکام رہی تھیں، اس کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کاملا ہیرس پہلی منتخب خاتون صدر بن سکتی ہیں، انھوں نے محاورہ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ کاملا ہیرس شیشے کی چھت توڑ سکتی ہیں جسے توڑنے وہ ناکام رہی تھیں۔
ہلیری کلنٹن نے شکاگو میں ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن میں ہجوم کو 8 سال قبل اپنی تاریخی دوڑ کے بارے میں بتایا کہ ’’ہم نے ایک ساتھ مل کر شیشے کی اس سب سے اونچی اور انتہائی مضبوط چھت میں بہت سی دراڑیں ڈال دی تھیں، اب اس شیشے کی چھت کے دوسری طرف کاملا ہیریس کھڑی ہیں، اپنا ہاتھ اٹھا رہی ہیں، اور ریاستہائے متحدہ کے 47 ویں صدر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا رہی ہیں۔‘‘

اپنا تبصرہ لکھیں