ڈھاکا (اسپورٹس ڈیسک) – بنگلہ دیش کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شکیب الحسن نے ٹی20 کرکٹ میں ایک اور منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا۔ وہ 500 وکٹیں مکمل کرنے والے دنیا کے پانچویں باؤلر بن گئے ہیں۔
کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق شکیب نے یہ کارنامہ کریئبین پریمیئر لیگ 2025 کے دوران انجام دیا، جب انہوں نے پاکستان کے ون ڈے کپتان محمد رضوان کو کیچ اینڈ بولڈ آؤٹ کرکے اپنی 500ویں وکٹ حاصل کی۔ میچ کے اختتام تک ان کے وکٹوں کی تعداد 502 تک پہنچ گئی۔
500+ وکٹیں لینے والے باؤلرز
راشد خان – 660 (افغانستان)
ڈوین براوو – 631 (ویسٹ انڈیز)
سنیل نارائن – 590 (ویسٹ انڈیز)
عمران طاہر – 554 (جنوبی افریقہ)
شکیب الحسن – 502 (بنگلہ دیش)
دلچسپ بات یہ ہے کہ شکیب الحسن اس فہرست میں شامل واحد آل راؤنڈر ہیں جنہوں نے 500 وکٹوں کے ساتھ ساتھ ٹی20 کرکٹ میں 7 ہزار رنز بھی بنا رکھے ہیں۔
مزید یہ کہ وہ 9 بار پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ جیت چکے ہیں، جو ٹی20 تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔ اس فہرست میں بھارت کے ویرات کوہلی 8 اور سری لنکا کے ہسارنگا 7 بار کے اعزاز کے ساتھ ان کے بعد آتے ہیں۔
اسپنرز کے شعبے میں شکیب اس وقت جنوبی افریقہ کے عمران طاہر کے ہم پلہ ہیں، دونوں ہی پانچ مرتبہ 5 وکٹیں لینے کا کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔

