واشنگٹن(ڈان، پی ٹی وی)وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کیلئے واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے۔سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی کے مطابق اینڈریو ایئر بیس پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا ریڈ کارپیٹ استقبال کیا گیا، امریکی ایئر فورس کے اعلیٰ عہدیدار نے وزیراعظم کا ایئربیس پر استقبال کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی کچھ ہی دیر میں وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوگی۔ وزیراعظم کا موٹر کیڈ امریکی سیکیورٹی کے حصار میں ایئر بیس سے روانہ ہو گیا۔ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کا سفارت کاری سے بھرپور امریکا کا دورہ وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے ذریعے اپنے عروج پر پہنچے گا۔
رپورٹ کے مطابق اپنے طوفانی دورے کے دوران، وزیرِاعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس، مسلم بلاک کے ایک اہم کثیرالجہتی اجلاس، اور نیویارک میں بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے سربراہان سے علیحدہ ملاقاتوں میں شرکت کر چکے ہیں۔
وزیرِاعظم کی میڈیا ٹیم، پاکستان کے سفارت خانے اور اقوام متحدہ مشن کے عملے نے اس ملاقات کو ’تقریباً یقینی‘ قرار دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی واشنگٹن میں وزیرِاعظم کے ساتھ ملاقات میں شامل ہوسکتے ہیں۔
تاہم، اس وقت تک صدر ٹرمپ سے ملاقات کی باضابطہ سرکاری تصدیق نہیں ہوئی تھی۔

