شہباز شریف غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کیلئےکل مصر روانہ ہونگے

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کل (13 اکتوبر) مصر کے شہر شرم الشیخ روانہ ہوں گے، جہاں وہ غزہ میں امن کے قیام سے متعلق تاریخی معاہدے پر دستخط کی تقریب اور امن سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ دورہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خصوصی دعوت پر ہو رہا ہے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ، دیگر سینئر وزراء اور اعلیٰ سطحی حکام کا وفد بھی شریک ہوگا۔

شرم الشیخ سربراہی اجلاس ان بین الاقوامی سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے جو گزشتہ ماہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے دوران شروع ہوئیں۔ 23 ستمبر 2025 کو وزیراعظم شہباز شریف نے مصر، اردن، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا اور ترکیہ کے سربراہان کے ساتھ امریکی صدر سے اعلیٰ سطحی ملاقات میں شرکت کی تھی جس میں غزہ میں جنگ بندی اور امن کے قیام پر غور کیا گیا تھا۔

عرب و اسلامی ممالک نے اس ملاقات کے بعد ایک مشترکہ بیان جاری کیا تھا، جس میں صدر ٹرمپ کی امن کوششوں کو سراہتے ہوئے عزم ظاہر کیا گیا کہ وہ امریکہ کے ساتھ مل کر غزہ میں پائیدار جنگ بندی، انسانی امداد اور تعمیر نو کیلئےمشترکہ کردار ادا کریں گے۔

ترجمانِ دفترِ خارجہ کے مطابق وزیراعظم کی شرم الشیخ کانفرنس میں شرکت پاکستان کی جانب سے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت، انصاف اور آزادی کیلئے مستقل اور غیر متزلزل حمایت کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ دورہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کی علامت بھی ہے۔

پاکستان کو امید ہے کہ شرم الشیخ امن اجلاس اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا، فلسطینی شہریوں کے تحفظ، قیدیوں کی رہائی، جبری بے دخلی کے خاتمے اور غزہ کی تعمیرِ نو کیلئےمؤثر اقدامات کا باعث بنے گا۔

پاکستان نے اس امید کا بھی اظہار کیا ہے کہ یہ عمل ایک ایسے سیاسی حل کی بنیاد رکھے گا، جس کے نتیجے میں ایک آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل ریاستِ فلسطین قائم ہو — جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، جو 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ہو اور متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عرب امن منصوبے کے مطابق ہو۔

اپنا تبصرہ لکھیں