نیویارک (نمائندہ خصوصی/اے ایف پی) وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس میں شرکت کیلئےنیویارک روانہ ہوگئے۔ دفترِ خارجہ کے مطابق وزیراعظم 22 ستمبر سے شروع ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کرینگے۔ ان کے ہمراہ وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار سمیت کابینہ کے اراکین اور اعلیٰ حکام بھی شریک ہونگے۔
دفترِ خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم نیویارک میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور منتخب مسلم رہنماؤں کی ملاقات میں شریک ہوں گے۔ اس ملاقات میں علاقائی اور عالمی امن و سلامتی سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں عالمی برادری پر زور دیں گے کہ وہ بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں طویل عرصے سے جاری قبضوں اور حقِ خودارادیت کی محرومی کا پائیدار حل تلاش کرے۔ وہ غزہ کے سنگین بحران کی طرف بھی عالمی توجہ مبذول کرائیں گے اور فلسطینی عوام کیلئے فیصلہ کن اقدامات کا مطالبہ کریں گے۔
دفترِ خارجہ کے بیان کے مطابق وزیراعظم اپنی مصروفیات کے دوران سلامتی کونسل کے اہم اجلاس، گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو (جی ڈی آئی) کے اعلیٰ سطح اجلاس اور کلائمیٹ ایکشن کے خصوصی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ متعدد عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ہوں گی جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوگی۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم ان ملاقاتوں میں اس بات کو اجاگر کریں گے کہ پاکستان بطور سلامتی کونسل کے رکن تمام ممالک کے ساتھ مل کر یو این چارٹر پر عملدرآمد، تنازعات کی روک تھام، عالمی امن کے فروغ اور پائیدار ترقی کیلئے کام کرتا رہے گا۔

