شہزادہ اینڈریو نے جنسی تعلق کو اپنا “پیدائشی حق” سمجھا، ورجینیا رابرٹس کے انکشافات

لندن (دی گارڈین)برطانوی بادشاہ چارلس کے چھوٹے بھائی شہزادہ اینڈریو پر بلوغت سے قبل جنسی تعلقات کے سنگین الزامات لگانے والی برطانوی نژاد آسٹریلوی خاتون ورجینیا رابرٹس نے اپنی بعد از مرگ شائع ہونے والی کتاب میں انکشاف کیا ہے کہ شہزادے نے ان کے ساتھ جنسی تعلق کو اپنا “پیدائشی حق” سمجھا۔

دی گارجین کے مطابق، رابرٹس نے بتایا کہ وہ 16 سال کی عمر میں ایک پرتعیش ریزورٹ کے مساج سینٹر میں ملازمت کے دوران ایک بااثر خاتون گیسلین میکسویل کے ذریعے امریکی تاجر جیفری ایپسٹن کے جال میں پھنس گئیں، جنہوں نے انہیں متعدد بااثر مردوں کے لیے جنسی غلام بنایا۔

ورجینیا رابرٹس نے لکھا کہ گیسلین میکسویل نے انہیں ایپسٹن کے گھر مساج کے بہانے بلایا، جہاں ان کا جنسی استحصال کیا گیا۔ ایپسٹن نے ان سے ذاتی نوعیت کے سوالات کیے، جیسے کہ حمل روکنے کی ادویات کے بارے میں۔

ایک موقع پر انہیں لندن میں میکسویل کے گھر شہزادہ اینڈریو سے ملاقات کیلئے تیار کیا گیا۔ انہیں نئے کپڑے دیے گئے اور ہدایت کی گئی کہ وہ شہزادے کے ساتھ بھی وہی کچھ کریں جو ایپسٹن کیلئےکرتی تھیں۔رابرٹس کا دعویٰ ہے کہ ملاقات کے بعد شہزادے نے انہیں 15000ڈالر دیے اور اس عمل کو اپنا “پیدائشی حق” قرار دیا۔

کتاب میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ وہ ایپسٹن کے نجی جزیرے پر بھی شہزادہ اینڈریو کے ساتھ ایک گروپ جنسی سرگرمی میں شامل کی گئیں، جہاں دیگر کم عمر لڑکیاں بھی موجود تھیں۔ورجینیا کے مطابق، ایپسٹن اور میکسویل نے انہیں دیگر بااثر شخصیات، بشمول ایک گورنر امیدوار اور ایک سابق سینیٹر کے حوالے بھی کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ایپسٹن کے حلقے میں شامل سائنس دان، صنعت کار اور فنڈ ریزرز سب کچھ جانتے تھے مگر خاموش رہے، کیوں کہ بہت سے طاقتور مرد اسی طرح خواتین کو استعمال کرتے رہے۔

خیال رہے کہ ورجینیا رابرٹس نے 25 اپریل 2025 کو مبینہ طور پر خودکشی کر لی تھی۔ 2022 میں ان کے وکلا نے شہزادہ اینڈریو سے ایک مالی معاہدہ کیا، جس کے تحت وہ قانونی کارروائی سے دستبردار ہو گئیں۔ اس سے قبل وہ شہزادے کے خلاف عدالتوں اور پولیس میں مقدمات دائر کر چکی تھیں۔

دوسری جانب، شہزادہ اینڈریو نے ہمیشہ الزامات کی تردید کی ہے اور مؤقف اختیار کیا کہ وہ ورجینیا رابرٹس سے کبھی نہیں ملے۔واضح رہے کہ جیفری ایپسٹن نے خواتین کے جنسی استحصال کے مقدمے میں قید کے دوران جیل میں خودکشی کر لی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں