صائم ایوب ایک بار پھر ٹی20 کے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے

کراچی ( آئی سی سی رپورٹس) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی پلیئرز رینکنگ جاری کی ہے، جس میں قومی کرکٹر صائم ایوب ایک بار پھر ٹی20 کرکٹ کے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے۔

آئی سی سی کی تازہ رینکنگ میں بھارت کے ویرات کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف رانچی میں 135 رنز کی شاندار اننگز کے بعد ون ڈے بیٹرز رینکنگ میں ایک درجہ ترقی کر کے چوتھے نمبر پر آ گئے، اور اب وہ نمبر ون روہت شرما سے صرف 32 پوائنٹس کے فاصلے پر ہیں۔ون ڈے انٹرنیشنل میں روہت شرما بدستور پہلے، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل دوسرے اور افغانستان کے ابراہیم زدران تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

ٹی20 میں پاکستان کے صائم ایوب نے سری لنکا کے خلاف ٹرائی سیریز فائنل میں آل راؤنڈ کارکردگی دکھا کر دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ فائنل میں 36 رنز اور ایک اہم وکٹ نے ان کی رینکنگ میں اہم کردار ادا کیا۔ صائم ایوب 294 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر پہنچ گئے اور سکندر رضا سے پہلی پوزیشن چھین لی، جب کہ محمد نواز ٹی20 آل راؤنڈر رینکنگ میں چوتھے نمبر پر آئے۔

باؤلر رینکنگ میں پاکستان کے ابرار احمد 4 درجے ترقی کے ساتھ ٹی20 باؤلرز میں چوتھے اور محمد نواز 11ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ جنوبی افریقہ کے مارکو یانسن ٹیسٹ بولرز میں پانچویں اور آل راؤنڈرز میں دوسرے نمبر پر آ گئے، جبکہ سائمن ہارمر نے 13 درجے ترقی کے بعد 11ویں پوزیشن حاصل کی۔