جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز زخمی ہونے والے پاکستانی اوپنر بلے باز صائم ایوب کو فوری لندن بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کے جارح مزاج نوجوان اوپنر بلے باز صائم ایوب جو گزشتہ روز جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن فیلڈنگ کے دوران شدید زخمی ہوگئے تھے، انہیں علاج کیلئےفوری لندن بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کیپ ٹاؤن میں موجود صائم ایوب سے ٹیلفون پر رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کیلئےنیک خواہشات کا اظہار کیا۔
چیئرمین پی سی بی نے صائم ایوب کو علاج کیلئےفوری لندن بھیجنے کا فیصلہ کیا اور یہ فیصلہ انہوں نے ڈاکٹروں سے مشاورت کے بعد کیا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ صائم ایوب کو جنوبی افریقہ سے ہی پہلی دستیاب فلائیٹ کے ذریعہ لندن بھیجا جائے گا اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود ان کے ہمراہ لندن جائیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ صائم ایوب کی لندن کے اسپورٹس آرتھو کے ماہر ڈاکٹرز کے ساتھ اپائنٹمنٹ طے کر لی گئی ہے اور وہ نوجوان بیٹر کا تفصیلی چیک اپ کر کے علاج کریں گے جب کہ پاکستان میں ڈاکٹر ممریز صائم ایوب کے علاج معاملے کے سارے معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صائم ایوب نوجوان اسٹائلش بیٹر اور پاکستان کرکٹ کا اثاثہ ہیں۔ ان کی انجری پر بہت تشویش ہے۔ پی سی بی ان کے علاج معالجے کیلئےتمام تر وسائل بروئے کار لائے گا اور دنیا کے بہترین اسپتال سے ان کا علاج کرائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے امید ظاہر کی کہ صائم ایوب آئندہ ماہ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل صحتیاب ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ صائم ایوب گزشتہ روز جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز فیلڈنگ کے دوران دائیں پاؤں کا ٹخنہ مڑ جانے کے باعث شدید انجری کا شکار اور 6 ہفتوں کیلئے کرکٹ سے دور ہو گئے ہیں۔ اس انجری کے بعد ان کے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
صائم ایوب نے حال ہی میں زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔ بالخصوص پروٹیز کو ان کے ہی دیس میں پہلی بار ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کرنے میں نوجوان بیٹر کی بیک ٹو بیک سنچریوں کا اہم کردار ہے۔