پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا فیصل ایک بار پھر اپنی دونوں بہوؤں میں موازنہ کرتی نظر آئیں۔
صبا فیصل نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو میں بطور مہمان شرکت کی ہے جہاں اُنہوں نے ساس بننے کے تجربے کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ جب سلمان کی شادی ہوئی تو مجھے خود بھی زیادہ سمجھ نہیں تھی اور میں بہت پُرجوش تھی کہ میری بہو آرہی ہے تو اب میں اسے یہ کہوں گی ایسے کپڑے پہنے اور ایسے تیار ہو کیونکہ میں ہمیشہ سے اپنی بیٹی سعدیہ کے ساتھ بھی اسی طرح سے پیش آتی ہوں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ میری بہو نیہا بہت پیاری اور پڑھی لکھی بچی ہے جو کچھ میں اسے کہتی تھی تو اسے شاید یہ لگتا ہو کہ میں اس پر دباؤ ڈال رہی ہوں حالانکہ میں اسے جو بھی کہتی تھی وہ اپنی محبت میں کہتی تھی لیکن یہ چیزیں تھوڑی سی میری بہو اور میرے لیے پریشان کن ثابت ہوئیں۔
اُنہوں نے کہا کہ میں نے اپنے چھوٹے بیٹے کی شادی کرتے وقت اپنے رویے پر نظرثانی کی اور پھر جب نیشا ہمارے گھر آئی تو میں نے اسے کہا کہ وہ اپنی مرضی سے جو کرنا چاہتی ہے کرے لیکن اس نے کہا نہیں امّی آپ بتائیں کہ میں کیا پہنوں۔
صبا فیصل نے مزید بتایا کہ یہ بس بڑوں کے احترام کرنے کا ایک طریقہ ہے، شادی کے شروع کے دنوں میں تقریباََ ایک مہینے میں لاہور میں ان کے ساتھ رہی ہوں تو نیشا نے میری مرضی سے کپڑے پہنے لیکن ساری زندگی میرے ذہن میں یہ بات رہے گی۔