صحافی دوستوں کا پیار زندگی کا سرمایہ ہے نہیں بھلا سکتا:اشرف لودھی

لاہور( سٹاف رپورٹر)صحافی دوستوں کا پیار زندگی کا سرمایہ ہے جو کبھی بھی نہیں بھلا سکتا،مجھے کینیڈا گۓ ہوۓ 25 سال ہو گۓ وطن عزیز اور لاہور پریس کلب کے ساتھی دوست احباب کو بہت مس کرتا ہوں ان کے ساتھ گزرا وقت بہت یادگار ہے۔ میرے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کر کے عزت افزائی پر میں پاکستان اسپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کا شکر گزار ہوں ۔اشرف خان لودھی نے ان خیالات کا اظہار پاکستان اسپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے زیراہتمام منعقدہ تقریب پزیرائی کے موقع پر کیا۔

سینئر جرنلسٹ،سابق صدر لاہور پریس کلب ناصرنقوی نے کہا کہ اشرف لودھی ایک محنتی آدمی ہے آج وہ جس مقام پر ہے یہ اسی محنت کا ثمر ہے۔کینیڈا جا کر بھی اپنی محنت جاری رکھی اور دوستوں کو نہیں بھولا۔ورنہ لوگ تو باہر جا کر واپس بھی نہیں آتے،اشرف لودھی نے ثابت کیا کہ وہ دوستوں سے محبت کرنے والا انسان ہے.

سابق صدر لاہور پریس کلب محسن گورائیہ نے کہا کہ اشرف لودھی نے جس طرح لاہور میں دوستوں کو اپنا گرویدہ بنایا ہوا ہے اسی طرح کینیڈا میں بھی اپنا حلقہ احبا ب بنایا ہے اور وہاں پربھی ہر دلعزیز ہیں۔ میں بھی کینیڈا آتا جاتا رہتا ہوں یہ وہاں بھی ایسی محفلیں سجاتے ہیں۔میں نے جب عملی صحافت کا آغاذ روزنامہ پاکستان سے کیا تو میرا پہلا واسطہ اشرف لودھی سے پڑا اور یہ تعلق آج تک قائم ہے.

سینئر جرنلسٹ ضیاء اللہ مرزا نے کہا کہ بہت کم صحافی دوستوں کیلۓ کوئی تقریب منعقد ہوتی ہے آج پاکستان اسپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن نے یہ سلسلہ شروع کر کے دل جیت لیۓ ہیں میری فیڈریشن کے ذمہ داران سے گزارش ہے کہ یہ سلسلہ اب رکنا نہیں چاہۓ، اشرف لودھی ایک پیارا انسان ہے اپنے پیشے سے مخلص اور محبتیں بانٹنے والا ہے، یہ سلسلہ اس نے جاری رکھا ہوا ہے۔

پاکستان اسپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے صدر محمد اقبال ہارپر نے کہا کہ اشرف لودھی ملک سے باہر ضرور گۓ ہیں لیکن ہمارے دل سے نہیں، اسپورٹس جرنلزم میں ان کے ساتھ گزرا وقت بہت یادگار ہے،اشرف لودھی پی ایس جے ایف کے پہلے نائب صدر ہیں جو اب تاحیات نائب صدر ہیں۔

جنرل سیکرٹری پی ایس جے ایف محمد بابر نے کہا اشرف لودھی اسپورٹس جرنلزم میں ہمارے پرانے ساتھی ہیں،بے شمار ایونٹس میں اکھٹے کوریج کی،جوائنٹ سیکرٹری لاہور پریس کلب عمران شیخ نے کہا کہ اشرف لودھی لاہور پریس کلب میں دوستوں کی جان ہیں یہ کینیڈا جا کر بھی کلب کے دوستوں کو نہیں بھولے اور مسلسل رابطے میں رہتے ہیں۔

انفارمیشن آفیسر ریلوے اعجازالحسن نے کہا کہ اشرف لودھی 35 سال قبل بطور فوٹو گرافر ہماری ٹیم کا حصہ تھے پھر شعبہ صحافت میں آ گۓ اور بھرپور محنت کے بعد اپنا مقام بنایا،اور اب 25 سال سے کینیڈا میں مقیم ہیں اور صحافت سے منسلک ہیں ۔تقریب کے اختتام پر صدر پی ایس جے ایف محمد اقبال ہارپر نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں