صحیح جیون ساتھی ملے تو شادی زندگی کا خوبصورت حصہ ہے: سجل علی

پاکستانی معروف اداکارہ سجل علی کا کہنا ہے کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کی زندگی کا آخر انجام شادی کو قرار دیا جاتا ہے، جبکہ شادی ایک خوبصورت رشتہ ہے اگر سپورٹ کرنے والا پارٹنر مل جائے تو شادی ضرور کرنی چاہیے۔

حال ہی میں اداکارہ کے نئے ڈرامے ’زرد پتوں کے بن‘ کی تشہیر کے لیے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں انہوں نے نجی میگزین سے گفتگو کی۔

دورانِ گفتگو ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں بچپن سے خواتین کو یہی سکھایا جاتا ہے کہ زندگی میں کچھ بھی کر لو آخر انجام شادی ہی ہے، چاہے ماسٹرز کر لو یا کیریئر میں کچھ حاصل کر لو آخر میں شادی ہی کرنا ہے، جس کی وجہ سے اکثر خواتین کے سامنے جب بھی شادی کا ذکر کیا جاتا تو وہ جھجکتی ہیں کہ نہیں ابھی شادی نہیں، ابھی فلاں کام کرنا ہے، فلاں کام ہو جائے تو شادی کر لیں گے۔

اداکارہ کے مطابق اگر آپ کو صحیح جیون ساتھی مل جائے تو شادی زندگی کا ایک خوبصورت حصہ ہے اور اگر زندگی کے کسی بھی حصے میں یہ محسوس ہو کہ آپ کو وہ شخص مل گیا ہے جس کے ساتھ زندگی گزاری جاسکتی ہے تو دیر نہیں کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا ہے کہ چاہے مرد ہو یا عورت، اگر جیون ساتھی سپورٹ کرنے والا ہو تو شادی مشکل نہیں لگے گی۔

سجل علی نے اپنے ماضی کے ایک اور انٹرویو کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ شادی زندگی کا ایک بہت اہم اور خوبصورت حصہ ہے بالخصوص خواتین کی زندگی کا، لیکن یہ مکمل زندگی نہیں ہے، اگر ایک سپورٹ کرنے والا پارٹنر مل جائے تو شادی ضرور کیجیے اس کے ساتھ ہی اپنی تعلیم، کیریئر اور خود مختاری پر بھی توجہ دیجیے-

اپنا تبصرہ لکھیں