صدربننے پر بعض وفاقی ملازمتوں کیلئےکالج ڈگری کی ضرورت ختم کر دیں گی:کاملا ہیرس

واشنگٹن: موجودہ امریکی نائب صدر کاملا ہیرس نے صدارتی الیکشن سے قبل نوکریوں سے متعلق اہم اعلان کر دیا جسے ان کے حامیوں میں کافی پذیرائی مل رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیموکریٹک کی صدارتی امیدوار کاملا ہیرس نے انتخابی ریلی کے شرکا سے خطاب میں کہا کہ اگر وہ صدر منتخب ہوئیں تو بعض وفاقی ملازمتوں کیلیے کالج ڈگری کی ضرورت کو ختم کر دیں گی۔

کاملا ہیرس اور ریپبلکن پارٹی کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ 5 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کیلیے میدان میں ہیں اور شہریوں کو ووٹ کیلیے قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اس سے قبل اپنے ایک بیان میں کاملا ہیرس نے کہا تھا کہ وہ متوسط طبقے پر ٹیکس کے بوجھ کو کم کرنے کی خواہاں ہیں جبکہ دوسری طرف ڈونلڈ ٹرمپ نے اوور ٹائم تنخواہ پر ٹیکس کم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

ریلی سے خطاب میں نائب صدر نے کہا کہ بطور صدر میں لوگوں کی ملازمتوں میں اضافے کیلیے غیر ضروری ڈگری کی ضروریات سے چھٹکارے کے اقدامات کروں گی۔

مردم شماری بیورو کے اعداد و شمار کے مطابق 2023 کے اوائل میں 25 سال یا اس سے زیادہ عمر کے 62 فیصد امریکیوں کے پاس بیچلر کی ڈگری نہیں تھی۔

ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار نے مزید کہا کہ اپرنٹس شپ اور تکنیکی پروگرام کی طرح ڈگری سے آگے کامیابی کے راستوں کی قدر کو تسلیم کرنا ہوگا، ڈگری لازمی طور پر کسی شخص کی مہارت کی نشاندہی نہیں کرتی، میں نجی شعبے کو بھی ایسا کرنے کا چیلنج دوں گی۔

رواں سال کے شروع میں جاری کردہ گیلپ اور لومینا فاؤنڈیشن کے ایک سروے سے پتا چلا کہ بہت سے امریکی کالج کے اخراجات کے بارے میں شکوک و شبہات کا شکار ہیں۔

وہ شہری جنہوں نے کبھی کالج میں پڑھنے کیلیے اندراج نہیں کروایا، کہتے ہیں کہ تعلیم کی لاگت کالج واپس نہ آنے کی ایک بہت اہم وجہ ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں