صنعاء (اے ایف پی) یمن کے حوثی حکام کے مطابق اسرائیل نے دارالحکومت صنعاء پر اتوار کو فضائی حملہ کیا، جس میں کم از کم 2 افراد شہید اور 35 زخمی ہوئے۔حملے کا نشانہ وسطی صنعاء میں میونسپل عمارت، ایک تیل کمپنی کی تنصیب اور بجلی گھر بنے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق کارروائی حوثیوں کے فوجی مقامات پر کی گئی، جن میں صدارتی محل کے قریب علاقہ، دو پاور پلانٹس اور ایندھن ذخیرہ گاہ شامل ہیں۔فوج کا کہنا ہے کہ یہ حملے حوثیوں کے جانب سے اسرائیل پر بار بار میزائل و ڈرون حملوں کے جواب میں کیے گئے۔
حوثی ذرائع کے مطابق اسرائیل نے گذشتہ ہفتے بھی حزیز بجلی گھر کو نشانہ بنایا تھا۔خیال رہے کہ اکتوبر 2023 سے حوثی بارہا اسرائیل پر میزائل اور ڈرون داغ رہے ہیں، جنہیں وہ فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی قرار دیتے ہیں۔ زیادہ تر حملے ناکام رہے لیکن اس کے بعد اسرائیل نے یمن میں کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

