صنم جاوید کیس میں اپیل سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر کی وضاحت

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دفتر کی جانب سے وضاحت کردی گئی ہے کہ صنم جاوید کو گوجرانوالہ کیس سے ڈسچارج کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل میں دفتر کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔وزیراعلیٰ کے دفتر نے وضاحتی بیان میں کہا کہ صنم جاوید کیس میں مروجہ قانونی طریقہ کار کے مطابق نظر ثانی اپیل دائر کی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اپیل دائر کرنے کا فیصلہ سینئر پراسیکیوٹرز پر مشتمل کمیٹی کرتی ہے اور وزیراعلیٰ آفس کا اس میں کوئی عمل دخل اور لینا دینا نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کسی بھی نظر ثانی کیس دائر کرنے کے لیے وزیراعلیٰ آفس کی اجازت درکار نہیں ہوتی بلکہ یہ معمول کی قانونی کارروائی ہے اور صنم جاوید کیس میں بھی پراسیکیوٹر آفس جنرل نے مروجہ قوانین کے مطابق اپیل دائر کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ میں ایسی نظر ثانی اپیلیں استغاثہ کی جانب سے کیس کو متاثر کرنے والی قانونی نکات کی غلط تشریح کی وجہ سے دائر کی جاتی ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے صنم جاوید کے خلاف اپیل کا فیصلہ کیا ہے اور مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا فیصلہ چیلنج کردیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں