لاہور (نمائندہ خصوصی +نامہ نگار) — پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے ملک کے بالائی علاقوں میں ممکنہ کلاؤڈ برسٹنگ اور شدید بارشوں کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل زیادہ طاقتور ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی ہے، خصوصاً بالائی پنجاب میں کلاؤڈ برسٹنگ کا خدشہ موجود ہے۔
ہدایات میں کہا گیا کہ دریاؤں، ندی نالوں اور نشیبی علاقوں کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے، اور پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی کنٹرول روم ضلعی ایمرجنسی سینٹرز سے مسلسل رابطے میں رہے۔
تمام ڈپٹی کمشنرز کو لائف بوٹس، لائف رنگز اور ریسکیو آلات اسٹینڈ بائی رکھنے جبکہ ریسکیو، سول ڈیفنس، محکمہ صحت اور دیگر محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ مزید برآں ہسپتالوں میں عملے کی فراہمی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامات کو یقینی بنانے کی تاکید کی گئی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ صوبائی اتھارٹی کی جانب سے اضلاع کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔

