ظالم حکمران بھوک اور خوشحالی دونوں میں عوام کا خون چوستے ہیں، سراج الحق

سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام تڑپ رہے ہیں اور ارکان اسمبلی نے اپنے الاؤنس میں اضافہ کردیا، قوم کا قبلہ کوئی اور ہے حکمرانوں کا قبلہ کوئی اور۔

راولپنڈی میں مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ حکمران اپنے خاندانوں کے مستقبل کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، اُن کی بد انتظامی کی وجہ سے ملک میں مہنگائی اور بے امنی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب یہ حکمران اور عوام ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، ظالم حکمران بھوک اور خوشحالی دونوں میں عوام کا خون چوستے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ قائد اعظم کو کہا گیا علاج کے لیے باہر جائیں انھوں نے کہا کہ میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، لیاقت علی خان یہاں اس مقام پر شہید ہوئے تھے ان کے اکاؤنٹ میں صرف چند روپے تھے۔

سابق امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت جھوٹے وعدے کرکے عوام کو ٹرخا رہی ہے، صرف دو حکمران خاندانوں کی دولت 2 کھرب 50 ارب سے زیادہ ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ بجلی کا مسئلہ بہت اہم مسئلہ ہے جس نے عوام کو پاگل کردیا ہے، بجلی کے بلوں میں اضافے کی وجہ سے لوگ نفسیاتی ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر ہماری درخواست پر فیصلہ نہیں کیا گیا، اکتوبر 2023 سے ہماری درخواست سپریم کورٹ میں پڑی ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں