ایرانی صدر مسعود پزیشکیان کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں اپنے دفاع کے بہانے نسل کشی کی،غزہ میں اسرائیلی جارحیت فوری ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران کے صدر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے یوکرین جنگ مذاکرات کے ذریعے فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
ایرانی صدر کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ایران 2015 جوہری معاہدے کے فریقین سے مل کر تعطل ختم کرنے کو تیار ہے۔ایران کے صدر مسعود پزیشکیان کا مزید کہنا تھا کہ ایران عالمی برادری کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کے لیے تیار ہے، ایران پر عائد پابندیاں غیر انسانی ہیں، اس سے عام لوگ متاثر ہورہے ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی فوری ضرورت ہے، مسئلہ فلسطین کا حل دو ریاستی حل ہے۔
بطور امریکی صدر جنرل اسمبلی کے اجلاس سے آخری خطاب جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو اپنی ریاست میں رہنے کا حق ملنا چاہیے، غزہ میں صورتحال خراب ہے مگرسفارتی حل اب بھی ممکن ہے، غزہ کے شہری اور یرغمالی ہولناک صورتحال سے گزر رہے ہیں۔
جوبائیڈن نے کہا کہ مغربی کنارے میں معصوم فلسطینیوں پر تشدد کو کو روکنا ہوگا، مسئلہ فلسطین کا حل دو ریاستی حل ہے، غزہ میں ہزاروں فلسطینی اور بچے انتہائی مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، یقینی بنانا ہوگا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرسکے، بطور صدر میں نے افغانستان میں جنگ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
امریکی صدر نے کہا کہ میں جب امریکی صدر بنا تو اس وقت مسائل اور غیریقینی صورتحال تھی، صرف غزہ نہیں بلکہ سوڈان میں بھی بحران کو ختم کرنا ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ دنیا میں آرٹیفشل انٹیلی جنس کیلئے قوانین بنارہے ہیں، اقتدار میں رہنیکی خواہش سے زیادہ عوام کو اہمیت دینے کی ضرورت ہے۔