عادل راجا، صابر شاکر، معید پیرزادہ، وجاہت سعید اور حیدر مہدی کو دو، دوبار عمر قید کی سزائیں

اسلام آباد (ایجنسیاں)اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت (ATC) نے 9 مئی 2023 کے واقعات سے متعلق “ڈیجیٹل دہشتگردی” کے کیس میں یوٹیوبر عادل راجا، صحافی وجاہت سعید خان، صابر شاکر، شاہین صہبائی، اینکر پرسن حیدر رضا مہدی، تجزیہ کار معید پیرزادہ اور سابق فوجی افسر سید اکبر حسین کو دو، دو بار عمر قید کی سزائیں سنائیں۔

عدالت نے ملزمان کو دیگر دفعات کے تحت مجموعی طور پر 35 سال قید اور ہر ملزم پر 15 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ فیصلہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے محفوظ فیصلہ سنانے کے بعد جاری کیا۔ عدالت نے ٹرائل غیر موجودگی میں مکمل کیا، جو انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت ممکن ہے۔

یہ مقدمہ 9 مئی 2023 کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والے فسادات اور ریاستی اداروں کے خلاف ڈیجیٹل سرگرمیوں کے تناظر میں درج ہوا تھا، جس میں آن لائن مواد کے ذریعے ریاستی اداروں کو نقصان پہنچانے اور دہشتگردی کے اقدامات کو شرعی شکل دینے کے الزامات شامل تھے۔ عدالت نے ہر ملزم کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں سات دن کے اندر اپیل دائر کرنے کا حق سے بھی آگاہ کیا ہے۔