عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ میڈونا کی پوپ لیو سے غزہ کے ہنگامی دورے کی درخواست

نیویارک (شوبز ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ میڈونا نے پوپ لیو سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر غزہ کا ہنگامی دورہ کریں تاکہ اسرائیلی حملوں سے زیادہ متاثر ہونے والے بچوں کیلئے امدادی راہیں کھولی جا سکیں۔

انسٹاگرام پر جاری پیغام میں میڈونا نے کہا کہ “ایک ماں ہونے کے ناطے میں بچوں کی یہ تکلیف برداشت نہیں کر سکتی، بچے سب کے ایک جیسے ہوتے ہیں اور آپ وہ واحد شخص ہیں جنہیں اندر جانے سے روکا نہیں جا سکتا۔” انہوں نے زور دیا کہ انسانی مدد کی رسائی فوری طور پر ممکن بنانا ضروری ہے کیونکہ وقت بہت کم ہے۔

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ سیاست مسائل حل نہیں کر سکتی، بلکہ شعور ہی تبدیلی لا سکتا ہے، اسی لیے وہ پوپ لیو سے براہِ راست مدد کی درخواست کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیٹے روکو کی سالگرہ پر سب سے بڑا تحفہ یہ سمجھا کہ دنیا سے اپیل کی جائے کہ جنگ میں پھنسے غزہ کے بچوں کو بھوک اور موت سے بچایا جائے۔

میڈونا نے عالمی اداروں کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ مدد کرنے والے افراد معتبر امدادی تنظیموں کو چندہ دیں کیونکہ وہ غزہ کے بچوں کو بھوک سے مرتا ہوا نہیں دیکھ سکتیں۔

واضح رہے کہ اسرائیلی جارحیت کے باعث غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل تقریباً بند ہے، جس کے نتیجے میں بھوک اور قحط کا خطرہ سنگین حد تک بڑھ چکا ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی ادارۂ صحت پہلے ہی خبردار کر چکے ہیں کہ اگر صورتحال نہ بدلی تو مزید سیکڑوں جانیں ضائع ہو سکتی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں