عبدالقادر کے بیٹے سلمان قادر گھریلو ملازمہ سے مبینہ زیادتی کے الزام میں گرفتار

لاہور(نمائندہ خصوصی)پولیس کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کے بیٹے سلمان قادر کے خلاف گھریلو ملازمہ سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ گھریلو ملازمہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سلمان قادر نے اسے فون کر کے جلدی کام پر آنے کو کہا وہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے گیٹ پر پہنچی تو ملزم نے اسے گاڑی میں بٹھایا اور فارم ہاؤس لے جا کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

متاثرہ لڑکی کی درخواست پر تھانہ برکی میں مقدمہ درج کیا گیا جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سلمان قادر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق سلمان قادر کے خلاف گھریلو ملازمہ سے زیادتی کے الزام میں مقدمہ درج ہے۔واضح رہے کہ سلمان قادر لاہور میں کرکٹ کی تربیت کیلئےایک اکیڈمی بھی چلاتے ہیں اورڈومیسٹک کرکٹ میں 26 فرسٹ کلاسز میچز اور 40 ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں۔