علی امین گنڈاپور نے بطور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا آخری کابینہ اجلاس آج طلب کرلیا

پشاور(ڈان نیوز، نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اپنا آخری کابینہ اجلاس آج دوپہر دو بجے سول سیکرٹریٹ میں طلب کرلیا ہے۔ اجلاس کے دوران وہ بطور وزیراعلیٰ آخری بار کابینہ کی صدارت کرینگے، کیونکہ انہوں نے گزشتہ روز وزارتِ اعلیٰ سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبائی کابینہ کا چالیسواں اجلاس آج دوپہر دو بجے سول سیکرٹریٹ پشاور میں طلب کرلیا ہے۔یہ اجلاس ان کے بطور وزیراعلیٰ آخری کابینہ اجلاس ہوگا، کیونکہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے حکم پر وزارتِ اعلیٰ کے عہدے سے مستعفی ہو چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں صوبے کے انتظامی امور، سیکیورٹی صورت حال، ترقیاتی منصوبوں اور مالیاتی پالیسیوں پر تفصیلی غور کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر اطلاعات گردش میں تھیں کہ تحریک انصاف نے علی امین گنڈاپور کو وزارتِ اعلیٰ کے منصب سے ہٹانے اور سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔بعدازاں پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تبدیلی کی تصدیق کی اور کہا کہ سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔

سلمان اکرم راجا کے مطابق علی امین گنڈاپور نے علیمہ خان پر سنگین الزامات عائد کیے تھے اور پارٹی میں تقسیم کی بات کی تھی، جس پر بانی پی ٹی آئی عمران خان نے تبدیلی کا فیصلہ کیا۔

بعد ازاں علی امین گنڈاپور نے خود استعفیٰ دیتے ہوئے کہا کہ وزارتِ اعلیٰ کی پوزیشن بانی پی ٹی آئی کی امانت تھی، جسے وہ واپس کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کو ان کی مکمل حمایت حاصل ہوگی اور وہ عمران خان کی رہائی اور پارٹی کی پالیسی کے لیے متحد ہوکر آگے بڑھیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں