عماد وسیم کی دوسری شادی پر سابقہ اہلیہ کا ردِعمل سامنے آگیا

کراچی (سپورٹس ڈیسک) عماد وسیم کی دوسری شادی کے اعلان کے بعد ان کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق نے خاموشی توڑتے ہوئے سخت ردِعمل دیا ہے۔سابق آل راؤنڈر نے اپنی گرل فرینڈ نائلہ راجہ سے دوسری شادی کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا تھا، جس کے بعد معاملہ ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گیا۔

ثانیہ اشفاق نے فوٹوز اور ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر عماد وسیم کی شادی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اب سب نے ثبوت دیکھ لیا، میرے گھر کو توڑنے والی نے کبھی میرے بچوں کے بارے میں نہیں سوچا۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ دھوکے باز بے نقاب ہو چکا ہے، ہم جن اذیتوں سے گزرے ہیں ان پر خاموش نہیں رہوں گی اور اپنے بچوں کے لیے انصاف چاہتی ہوں۔

ثانیہ اشفاق نے ایک انسٹا اسٹوری میں نائلہ راجہ کے والد کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ ایک اور پوسٹ میں سابق شوہر پر 2023ء میں اسقاطِ حمل کا الزام عائد کیا۔

دوسری جانب عماد وسیم نے اپنی پوسٹ میں کہا تھا کہ وہ اپنی دوسری اہلیہ کے ساتھ پُرسکون اور دیرپا رشتہ چاہتے ہیں، انہیں ماضی کے بعض فیصلوں پر افسوس ہے تاہم وہ اپنے بچوں سے محبت کرتے رہیں گے۔کھلاڑی کی جانب سے دوسری شادی کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں اور نائلہ راجہ کو تنقید کا سامنا ہے جبکہ متعدد صارفین ثانیہ اشفاق کی حمایت کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ جولائی 2025ء میں عماد وسیم کو لندن میں نائلہ راجہ کے ہمراہ دیکھے جانے کے بعد قیاس آرائیاں گردش کرنے لگی تھیں، تاہم اس وقت دونوں نے ان خبروں کی تردید کی تھی۔ بعد ازاں عماد وسیم نے علیحدگی کی تصدیق کی جبکہ ثانیہ اشفاق نے علیحدگی کا ذمہ دار تیسرے شخص کو قرار دیا تھا۔عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کی چھ سالہ ازدواجی زندگی کے دوران ان کے ہاں تین بچوں کی پیدائش ہوئی۔