عمان کا 2 لاکھ ریالز کے عوض 10 سالہ ’’گولڈن رہائشی پروگرام‘‘ کا اعلان

مسقط (انٹرنیشنل ڈیسک) – خلیجی ملک عمان نے غیر ملکی سرمایہ کاری، سیاحت اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے 10 سالہ ’’گولڈن رہائشی پروگرام‘‘ متعارف کرا دیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت سرمایہ کار صرف 2 لاکھ عمانی ریالز (تقریباً 5 لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری کے ذریعے رہائشی ویزا حاصل کر سکیں گے۔

یہ پروگرام عمان کے ویژن 2040 اصلاحات کا حصہ ہے۔سرمایہ کاروں کو 10 سال کا قابل تجدید رہائشی اجازت نامہ دیا جائے گا۔یہ اجازت نامہ عمر یا تعداد کی قید کے بغیر سرمایہ کار کے بیوی، بچوں اور قریبی رشتہ داروں کے لیے بھی ہوگا۔سرمایہ کاروں کو ایئرپورٹ پر فاسٹ ٹریک سروسز، تین گھریلو ملازمین رکھنے اور مخصوص علاقوں میں جائیداد خریدنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

حکام کے مطابق سرمایہ کار سات مختلف طریقوں سے اس پروگرام کے لیے اہل ہو سکتے ہیں، جن میں شامل ہیں .دو لاکھ ریال سے زائد سرمایہ کے ساتھ کمپنی قائم کرنا۔سیاحتی کمپلیکس میں جائیداد خریدنا۔دو سال سے زائد میعاد کے سرکاری ترقیاتی بانڈز رکھنا۔فہرست شدہ ایکوئٹی میں سرمایہ کاری۔پانچ سالہ فکسڈ بینک ڈپازٹ۔کم از کم 50 عمانی ملازمین کے ساتھ کمپنی بنانا۔غیر ملکی سرمایہ کاری قانون کے تحت کمپنی کی نامزدگی۔

عمانی وزارت تجارت، صنعت و سرمایہ کاری کے مطابق یہ پروگرام لاجسٹکس، سیاحت اور قابل تجدید توانائی جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دے گا، جس سے نجی شعبے کی ترقی، روزگار کے مواقع اور علم کے تبادلے کو تقویت ملے گی۔

اس موقع پر انویسٹرز سروسز سینٹر کی ڈائریکٹر جنرل نسیمہ بنت یحییٰ البلوشی نے کہا’’گولڈن رہائش پروگرام محض اجازت نامہ نہیں بلکہ مواقع، استحکام اور بہتر زندگی کا وعدہ ہے، کیونکہ عمان 2024 کے کوالٹی آف لائف انڈیکس میں دنیا بھر میں چوتھے نمبر پر رہا۔‘‘

اپنا تبصرہ لکھیں