عمران خان، نواز شریف اور زرداری کی بیٹھک سےمسائل حل ہونگے:علی محمد خان

مردان: رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) علی محمد خان نے عمران خان، نواز شریف اور آصف علی زرداری کی بیٹھک کو مسائل کا حل قرار دے دیا۔

علی محمد خان نے خصوصی گفتگو میں کہا کہ تمام سیاسی مسائل کی حل کی کنجی عمران خان کی رہائی ہے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے سیاسی ٹمپریچر کم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کیلئےآصف علی زرداری، نواز شریف اور عمران خان کی بیٹھک ضروری ہے۔ گفتگو میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات کی جائے اور لیکشن کمیشن میں بھی ردوبدل کیا جائے۔

چند روز قبل وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عدم برداشت کا رویہ پاکستان کی سیاست کیلئےسخت نقصان دہ ہے، جن ایوانوں سے ملک ڈیفالٹ سے بچا ہے وہاں ہم موجود ہیں۔

تقریب سے خطاب میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ہر ملک میں بحران ہوتے ہیں، ملک کو ڈیفالٹ میں دھکیلنے والوں نے جاتے جاتے پیٹرول کی قیمت میں کمی کی۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو بیٹھ کر بات کرنی چاہیے، ضروری ہے جو غلطیاں ہوئیں اس کو تسلیم کیا جائے محترمہ بینظیر بھٹو اور نواز شریف نے غلطیوں کو تسلیم کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پورے خلوص نیت سے مذاکرات کو کامیاب کرنا چاہتے ہیں، یہ کہتے ہیں ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے آپ نے بھی بے شمار مقدمات قائم کیے تھے۔

وزیر اعظم کے مشیر نے کہا تھا کہ آج کی بات کسی کو تسلیم کروانا ہے تو کل کی بات کو بھی تسلیم کر لیا جائے، اگر اپنا سچ مجھ سے منوانا چاہتے ہو تو میرا سچ بھی تسلیم کرو۔

اپنا تبصرہ لکھیں