عمران خان تسلی رکھیں پاکستان میں سب سے محفوظ جگہ جیل ہے: خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی تسلی رکھیں پاکستان میں سب سے محفوظ جگہ جیل ہے۔نجی نیوز چینل کے ٹاک شو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ترنول جلسہ مؤخر کرنے کا سیاسی نقصان پی ٹی آئی کو ہوا ہے، سیاسی جماعت جلسہ کر کے کسی امتحان میں نہیں پڑنا چاہتی تھی۔خواجہ آصف نے کہا کہ علیمہ خان اور بشریٰ بی بی کا براہ راست تصادم سامنے آ رہا ہے، علیمہ خان میری باتوں کی تصدیق کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے ہیں اور ہونے بھی چاہئیں کیونکہ اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ کرنے کا قدم پی ٹی آئی نے خود اٹھایا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو قطعی طور پر کوئی پریشانی نہیں ہے، اتنے دنوں میں یہ اپنی پارٹی کے اندر لوگوں کو مطمئن نہیں کر سکے۔چند روز قبل نجی نیوز چینل کے ساتھ گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا تھا کہ اگر ملٹری کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کا ٹرائل ہوا تو اوپن ہوگا۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ قوم کو پتا لگنا چاہیے کہ بانی پی ٹی آئی کا 9 مئی واقعات میں کیا کردار تھا، 9 مئی کے ٹارگٹ کس نے چنے؟ کسی جنرل کے اوپن ٹرائل کی نظیرہماری تاریخ میں نہیں ملتی۔ان کا کہنا تھا کہ کل سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کو بھی سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید سے متعلق وضاحت دینی پڑی، بانی سے وزارت عظمیٰ گئی اور فیض حمید آرمی چیف نہ بن سکے۔خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ ان دونوں کا ایک مقصد تھا جس کی وجہ سے ان کے رابطے رہے، 9 مئی کو افرادی قوت بانی پی ٹی آئی نے دی، سازشی تانے بانے فیض حمید نے بنے۔ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے بعد بھی بانی اور فیض حمید کے رابطے جاری و ساری رہے، میرا نہیں خیال کہ یہ خیبر پختونخوا سے لوگوں کو جمع کر کے لا سکیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں