عمران خان ملنا چاہیں گے تو بھی سوچ کر فیصلہ کروں گا:فضل الرحمان

اپوزیشن جماعت جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ملنا چاہیں گے تو بھی سوچوں گا۔

اسلام آباد میں عیادت کےلیے آئے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ملاقات کےلیے مجھے باضابطہ کوئی پیغام نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی ملنا چاہیں گے تو بھی سوچ سمجھ کر فیصلہ کروں گا۔ پی ٹی آئی سے وفاق میں ورکنگ ریلیشن ہے، صوبائی معاملات پر ہمارا اپنا موقف ہے۔

جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ ہمارا گلہ ہے عام انتخابات 2024ء میں ہمیں لیول پلینگ فیلڈ نہیں دی گئی، انتخابات میں کچھ لوگ استعمال ہوگئے، ہم نے استعمال ہونے سے انکار کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ 26ویں ترمیم میں ہم نے شخصیت کی بجائے اداروں کی مضبوطی کو مقدم رکھا، خیبر پختونخواہ میں حکومت کی کہیں رٹ نظر نہیں آرہی۔

مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن پر طے شدہ معاملات کو خوامخواہ چھیڑا گیا، مدارس کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان، بنوں اور ٹانک دہشت گروں کے حوالے ہیں، ٹانک سے عدالتیں اور سرکاری دفاتر بھی ڈی آئی خان منتقل ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں