اسلام آباد :چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے دبئی لیکس میں شامل افراد سے منی ٹریل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے دبئی لیکس میں شامل افراد سے متعلق کہا کہ وہ منی ٹریل دیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو قوم سے قربانی مانگنے کی شہباز شریف کی بات پر حیرت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور آصف علی زرداری اپنی منی ٹریل فراہم کریں اور قربانی دیں۔پنجاب میں ہتک عزت والے قانون کی بانی پی ٹی آئی نے مخالفت کی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ فارم 47 کی حکومت اب لوگوں کی زبان کو بند کرنا چاہتی ہے۔ تحریک انصاف ہتک عزت کے قانون کی مخالفت کرتی ہے۔
ٹیریان کیس پر بات کرتے ہوئے بیرسٹرگوہرکا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا ٹیریان کیس کو خارج کرنا اچھا فیصلہ ہے۔ جلد فیصلے ہوئے تو بانی پی ٹی آئی جلد باہر ہوں گے۔