عمران خان کی رہائی کیلئے 90 دن کی تحریک کا الٹی میٹم: علی امین گنڈاپور

لاہور (نمائندہ خصوصی)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے ہمراہ لاہور میں پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کی رہائی کیلئے90 دن کی احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہائیوں سے ادارے اور پارٹیاں مافیا کی صورت میں مسلط ہیں، عمران خان بے گناہ ہیں اور وہ ہمارے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پنجاب و خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں 5 اگست سے شروع ہونے والی احتجاجی تحریک کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔

اجلاس سے خطاب میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سیاست ایک خوددار اور اصولی نظریے کی بنیاد پر کی، لیکن مارشل لاء لگا کر ملک کی جمہوریت کو تباہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے آئین اور جمہوریت کا نقصان کیا، انہیں نہ کوئی شرمندگی ہے اور نہ ہی ندامت، بلکہ وہ تشدد اور بلیک میلنگ کے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان اس وقت ملک میں سب سے مقبول رہنما ہیں اور ان کی مقبولیت 93 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نظام کی بہتری، قانون کی بالادستی اور پاکستان کے روشن مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں، مگر آج وہ بے گناہ جیل میں قید ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی لاہور آمد صرف بات چیت کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے اجلاس میں کہا کہ لاہور جانے کا مقصد صرف مذاکرات ہے اور کوئی غیر آئینی اقدام یا تصادم کی نیت نہیں۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پی ٹی آئی کا قافلہ پنجاب اسمبلی سے نکالے گئے اراکین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئےلاہور آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم محبت، رواداری، بھائی چارے اور جمہوری اقدار کے تحفظ کا پیغام لے کر آئے ہیں، ہمارا کوئی پرتشدد یا انتشار انگیز ایجنڈا نہیں۔”

اجلاس کے بعد یہ بھی بتایا گیا کہ لاہور میں پارٹی وفد مختلف سیاسی ملاقاتیں کرے گا، جن میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اور سینیٹ انتخابات سے متعلق امور زیرِ غور آئیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں