عمران خان کی صحت اور رہائی کیلئےپاکستان قونصل خانہ ٹورنٹو کے باہر احتجاج

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)بیرون ملک پاکستانیوں نے عمران خان کی صحت اور انسانی حقوق کے لیے پاکستان قونصل خانے کے سامنے احتجاج کیا۔ احتجاج میں شریک افراد نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جائے تاکہ ان کا علاج مناسب طریقے سے ہو سکے۔

احتجاج کے دوران شرکاء نے کہا کہ عمران خان کی صحت سب سے اہم مسئلہ ہے اور انہیں تمام بنیادی حقوق حاصل ہونے چاہئیں۔ مظاہرین نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے لیے اپنی زندگی، محنت اور دولت قربان کی ہے اور اب انہیں انصاف اور مناسب طبی سہولت فراہم کی جائے۔

شرکاء نے یاد دلایا کہ عمران خان نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ جیت کر قوم کا نام روشن کیا اور اپنی آمدنی کا بڑا حصہ شاؤکت خانم کینسر ہسپتال کے قیام کے لیے دیا تاکہ غریب مریضوں کو مفت علاج فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نہ صرف کھیل کے میدان میں بلکہ ملک کی فلاح و بہبود کے لیے بھی انتھک محنت کی ہے۔

احتجاج میں شریک افراد نے عدالت اور حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سیاسی حالات اور سیاسی اختلافات کے باوجود عمران خان کے انسانی حقوق کو ترجیح دی جائے۔ مظاہرین نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر قوم اور بیرون ملک پاکستانی غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔

مظاہرین نے کہا کہ عمران خان کی نظریاتی قیادت کو دبانے کی کوششیں جاری ہیں اور بیرون ملک پاکستانیوں کا فرض ہے کہ وہ عمران خان کے پیغام کو عام کریں اور ان کی آواز کو زندہ رکھیں۔

اس موقع پر کئی شرکاء نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ملک میں صحت، تعلیم اور فلاحی منصوبوں کے ذریعے عوام کی خدمت کی ہے اور اب ہمیں متحد ہو کر ان کے حق میں آواز بلند کرنی چاہیے۔ مظاہرین نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی اپنے حق میں ہر ممکن کوشش کریں گے تاکہ عمران خان کی فوری رہائی اور طبی معائنہ ممکن ہو سکے۔

شرکاء نے زور دیا کہ احتجاج کا مقصد صرف عمران خان کی صحت اور انسانی حقوق کی حفاظت ہے اور یہ کسی بھی سیاسی موقف یا پارٹی کے لیے نہیں ہے۔

اس موقع پر نوجوان، خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں افراد نے قونصل خانے کے سامنے جمع ہو کر عمران خان کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت اور فوج کے بعض عناصر عمران خان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کر رہے ہیں، جس کے خلاف بیرون ملک پاکستانی آواز بلند کر رہے ہیں۔

شرکاء نے کہا کہ وہ ہر ہفتے باقاعدگی سے قونصل خانے کے باہر جمع ہوں گے اور عمران خان کی فوری رہائی اور مناسب طبی سہولت کے لیے احتجاج جاری رکھیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی احتجاج میں شامل ہو کر عمران خان کے حق میں آواز بلند کریں۔