عمران خان کی ہدایت پر سپریم کورٹ کے باہر پرامن احتجاج کیا جائے گا

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر سپریم کورٹ کے باہر پرامن احتجاج کیا جائے گا جو ہمارا آئینی و قانونی حق ہے، احتجاج فارم 47 حکومت اور آئینی پیکج کے خلاف ہے ، ایڈووکیٹ نیاز اللہ نیازی .
اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف نے راولپنڈی میں جلسہ کرنے کی بجائے احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا تھاتاہم اب پی ٹی آئی نے اپنی حکمت تبدیلی کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کرنے کا فیصلہ کرلیا، پی ٹی آئی رہنما ایڈووکیٹ نیاز اللہ نیازی کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر سپریم کورٹ کے باہر پرامن احتجاج کیا جائے گا جو ہمارا آئینی و قانونی حق ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر وکلا احتجاج کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج فارم 47 حکومت اور آئینی پیکج کے خلاف ہے۔ ملک میں آئینی عدالتیں پہلے ہی موجود ہیں مزید نہیں بننے دیں گے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہ علی امین گنڈاپورنے راولپنڈی میں احتجاج کیلئے پارٹی رہنماﺅں کو ٹاسک دیدیا ۔علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے راولپنڈی کیلئے ہر ضلع سے نمائندہ 35 سے 45 گاڑیاں نکالے گا۔

قافلے پشاور سے 10 بجے نکلیں گے۔ تمام قافلے 11 بجے صوابی میں جمع ہونگے جہاں سے وزیراعلیٰ کی قیادت میں راولپنڈی روانہ ہوں گے۔وزیراعلیٰ ہاو¿س پشاور میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی اور تنظیمی عہدیداروں کا اجلاس ہوا جس میں عہدیداروں اور ارکان اسمبلی کو کارکنوں کے ہمراہ راولپنڈی پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے پی ٹی آئی کارکنوں کو صبح 10 بجے پشاور سے نکلنے کی ہدایت کی ہے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا 11 بجے صوابی پہنچیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 28ستمبر کو راولپنڈی میں جلسہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔انہوں نے کہا تھا کہ28 تاریخ کو راولپنڈی میں جلسہ نہیںبلکہ احتجاج کرینگے۔ہم کل لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ سے درخواست واپس لے لیں گے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے انہوں نے جلسے کی اجازت نہیں دینی اور اگر یہ اجازت دے بھی دیتے ہیں تو شہر سے باہر کسی جگہ جلسہ کرنے کی اجازت دیں گے۔
جلسے کے بجائے اب ہم راولپنڈی میں ہفتے کو بھرپور احتجاج کرینگے۔قبل ازیں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 28 ستمبر کو راولپنڈی میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پارٹی کو کہہ دیا ہے اگلے ہفتے کو ہم راولپنڈی میں جلسہ کریں گے۔ پارٹی کو کہتا ہوں جلسے کیلئے ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کو ختم کر کے یہ غیر علانیہ مارشل لاءلگانا چاہتے ہیں ۔ہمیں جلسے کی اجازت نہ ملی تو احتجاج کریں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں