عمران خان کےخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس سماعت کیلئے مقرر

الیکشن کمیشن نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کیلئے 17 دسمبر کی تاریخ مقرر کردی۔ الیکشن کمیشن نے کاز لسٹ اور نوٹسز بھی جاری کر دیے، عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمشنر کیس کی سماعت بھی اسی روز ہو گی۔

واضح رہے کہ 21 نومبر کو عمران خان کو توہین الیکشن کمیشن کیس میں اگلی سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن و الیکشن کمشنر کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے کی تھی۔

دوران سماعت الیکشن کمیشن کے خیبرپختونخوا کے ممبر نے کہا تھا کہ عمران خان کی تو کل ضمانت ہوگئی تھی جس پر ان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا تھا کہ ان کی کسی اور کیس میں گرفتاری ڈال دی گئی ہے، تاہم شواہد ریکارڈ کرنے کیلئے ملزم کی حاضری ضروری ہوتی ہے۔

الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ نے کہا تھا کہ حکام نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک سے حاضری کا بندوبست ہو جائے گا۔جس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ہدایت کی تھی کہ آئندہ سماعت پر عمران خان کی ویڈیو لنک سے حاضری یقینی بنائی جائے۔بعد ازاں کیس کی سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کردی گئی تھی۔

اگست 2022 میں الیکشن کمیش نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو مختلف جلسوں، پریس کانفرنسز اور متعدد انٹرویوز کے دوران الزمات عائد کرنے پر الیکشن کمیشن کی توہین اور ساتھ ہی عمران خان کو توہین چیف الیکشن کمشنر کا نوٹس بھی جاری کیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے نوٹس میں عمران خان کے مختلف بیانات، تقاریر، پریس کانفرنسز کے دوران اپنے خلاف عائد ہونے والے بے بنیاد الزامات اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کے خلاف استعمال ہونے والے الفاظ، غلط بیانات و من گھڑت الزامات کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان کو 30 اگست کو اپنے جواب کے ساتھ کمیشن میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو توہین الیکشن کمیشن کے نوٹسز جاری کیے ہیں اور کہا گیا ہے کہ 30 اگست کو ذاتی حیثیت یا بذریعہ وکیل پیش ہوں۔

نوٹس میں کہا گیا تھا کہ پیمرا کے ریکارڈ کے مطابق عمران خان نے 11 مئی، 16 مئی، 29 جون، 19، 20 جولائی اور 7 اگست کو اپنی تقاریر، پریس کانفرنسز اور بیانات میں الیکشن کمیشن کے خلاف مضحکہ خیز اور غیر پارلیمانی زبان استعمال کی، توہین آمیز بیانات دیے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے جو براہ راست مرکزی ٹی وی چینلز پر نشر ہوئے۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کو مخاطب کرکے نوٹس میں مزید کہا تھا کہ آپ نے 12 جولائی کو بھکر میں ہونے والے جلسے میں خطاب کیا جو ’اے آر وائی‘ پر نشر ہوا اور ساتھ ہی اگلے دن روزنامہ ’ڈان‘ میں شائع ہوا، جس میں آپ نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف توہین آمیز باتیں کیں اور ان پر من گھڑت الزامات عائد کیے۔

اپنا تبصرہ لکھیں