غزہ میں حماس سے لڑائی کے دوران میجر سمیت تین اسرائیلی فوجیوں کو جہنم واصل کردیا گیا، اسرائیلی فوج کی جانب سے اپنے اہلکاروں کے مرنے کی تصدیق کردی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس کے تین ریزرو فوجی حماس کے ساتھ لڑائی کے دوران ہلاک ہوئے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق مرنے والے تینوں فوجی 460 ویں بریگیڈ کی 5460 ویں سپورٹ یونٹ کے تھے، جن میں 37 سالہ میجر بھی شامل تھا۔3 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد اپنے انجام کو پہنچنے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 353 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غزہ میں بچوں کا آخری اسپتال بھی تباہ کرنے کی دھمکی دیدی ہے۔رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی فوج نے کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 24 گھنٹے کے اندر اسپتال کو خالی کردیا جائے۔
صیہونی فوج نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسپتال خالی نہ کیا گیا تو وہی کچھ ہوگا جو الشفا اسپتال کے ساتھ ہوا تھا۔واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 42,065 افراد جام شہادت نوش کرچکے ہیں اور 97,886 زخمی ہو چکے ہیں۔